اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاقات کرنے والے افراد کی فہرست ہمیشہ عمران خان کی ہدایت پر دی جاتی ہے۔
سوشل میڈیا پر زیرِ گردش خبروں پر ردِعمل دیتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے انہیں ہدایت دی تھی ۔
کہ وہ ملاقات کرنے والے افراد کی فہرست عدالت کے ذریعے جیل حکام کو فراہم کریں، اور یہ ہدایات عمران خان نے اڈیالہ جیل میں جج کو تحریری طور پر بھی دی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ عمل کئی ہفتوں سے بغیر کسی مسئلے کے جاری تھا، تاہم جمعرات کو دی جانے والی دوسری فہرست ان کے علم یا مشاورت کے بغیر جاری کی گئی۔
ان کے مطابق رابطے کی کمی کے باعث دو فہرستیں سامنے آئیں، لیکن ایسا کوئی تنازع موجود نہیں جیسا کہ سوشل میڈیا کے کچھ حصوں میں تاثر دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کی 13 رکنی کابینہ کا اعلان کردیا گیا
بیرسٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ اگر جیل سپرنٹنڈنٹ نے یہ بیان دیا ہے کہ وہ صرف کسی خاص شخص کی طرف سے جاری کردہ فہرست ہی قبول کریں گے،تو یہ سابق وزیرِ اعظم کی تحریری ہدایات کے منافی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ صرف بانی عمران خان کی ہدایات پر عمل کرتے ہیں اور آئندہ بھی انہی کی ہدایت کے مطابق عمل جاری رکھیں گے۔





