سعودی عرب کو عالمی سطح پر 195 ممالک کی رکن تنظیم کی قیادت مل گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی وفد نے انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف سپریم آڈٹ انسٹی ٹیوشنز کی 25 ویں جنرل اسمبلی میں شرکت کی، جس کی قیادت جنرل کورٹ آف آڈٹ کے صدر ڈاکٹر حسام بن عبدالمحسن العنقری نے کی۔
جنرل اسمبلی نے سعودی عرب جس کی نمائندگی جنرل کورٹ آف آڈٹ (GCA) کرتی ہے، کو 2031 سے 2033 تک اس تنظیم کا سربراہ منتخب کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس عہدے کے بعد سعودی عرب 2031 میں دنیا بھر کے 195 سے زائد ممالک کے وفود کی میزبانی کرے گا۔
ڈاکٹر حسام العنقری نے کہا کہ سعودی عرب اپنی سربراہی کے دوران اس بین الاقوامی آڈٹ تنظیم کو ترقی کی نئی راہوں پر لے جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب 2031 میں ریاض میں تمام رکن ممالک کے وفود کی میزبانی کے لیے پرجوش ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے اپنے جوہری منصوبوں کو دوبارہ تعمیر کرنے کا اعلان کر دیا
ڈاکٹر حسام کے مطابق یہ اعزاز سعودی عرب کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی حیثیت اور اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ کامیابی سعودی قیادت کی مکمل حمایت اور جنرل کورٹ آف آڈٹ کی مضبوط حیثیت کے بغیر ممکن نہ ہوتی۔





