دوسرا ون ڈے: پاکستان کو یکطرفہ مقابلے میں شکست

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

آج کا میچ فیصل آباد کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے دیا گیا 270 رنز کا ہدف مہمان ٹیم نے صرف 40.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

جنوبی افریقی اوپنر کوئنٹن ڈی کاک نے 119 گیندوں پر شاندار ناقابلِ شکست 123 رنز بنائے، جن میں 8 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کی جانب سے سلمان علی آغا 69، صائم ایوب 53 اور محمد نواز 59 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
فہیم اشرف نے اختتامی اوورز میں تیز رفتار 28 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں دو چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔

جنوبی افریقہ کی بولنگ لائن نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ نندرے برگر نے 4، نقبایو مزی پیٹر نے 3 جبکہ کوربن بوش نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہےکہ پاکستان نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو دو وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

فیصل آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گئے 264 رنز کے ہدف کو 49.4 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی اننگز میں سلمان آغا نے 62 رنز بنائے، محمد رضوان نے 55 اور فخر زمان 45 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ صائم ایوب نے 39 رنز کا نمایاں حصہ ڈالا۔

یہ بھی پڑھیں : چمن بارڈر پر افغان فورسز کی فائر بندی کی خلاف ورزی ، پاکستان نے افغان دعوے مسترد کر دیے

بابر اعظم صرف 7 رنز بنا سکے اور حسین طلعت نے 22 رنز بنا کر وکٹ گنوا دی۔ حسن نواز ایک رن کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

Scroll to Top