شہداء کی قربانیوں کو سیاسی تنازعات میں گھسیٹنا قابلِ مذمت ہے، خیبر یونین آف جرنلسٹس

خیبر یونین آف جرنلسٹس نے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیوں کو سیاسی تنازعات میں گھسیٹنا قابلِ مذمت ہے۔

یونین نے بیان میں کہا کہ شہداء کے لہو اور عبادت گاہوں کے احترام پر سوال اٹھانا افسوسناک ہے، یونین کا مزید کہنا تھا کہ ایسے بیانات اداروں کے خلاف اشتعال اور نفرت بڑھانے کا باعث بنتے ہیں۔

خیبر یونین آف جرنلسٹس نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ اپنے غیر ذمہ دارانہ الفاظ واپس لیں اور واضح کیا کہ سیاست کو سلامتی کے اداروں کے خلاف استعمال کرنا قومی مفاد کے منافی ہے۔

یونین نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور شہداء اور ان کی قربانیوں کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔

خیبر یونین آف جرنلسٹس نے کہا کہ ایسے بیانات قوم کو تقسیم نہیں بلکہ متحد کرنے چاہییں اور واضح پیغام دیا کہ قومی سلامتی اور عوامی یکجہتی ہماری اولین ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فوج کے عزائم پر سوال اٹھانا حوصلے اور عوامی سلامتی کو نقصان پہنچاتا ہے، گورنر کا وزیراعلیٰ کے بیان پر ردعمل

اس سے قبل گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈٰی نے وزیراعلیٰ سہیل آؑفریدی کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی ایسی بیان بازی کی مذمت کرتے ہیں جو مسلح افواج کی عظمت اور قربانیوں کو کم کرنے کی کوشش کرے۔

گورنر نے کہا کہ صوبے کے بہادر سپوت اپنی جانیں قربان کر کے عوام اور علاقے کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں اور ان کے جذبے یا نیت پر سنسنی خیز انداز میں سوال اٹھانا نہ صرف فوج کے حوصلے کو متاثر کرتا ہے بلکہ عوامی سلامتی کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے جانے والے آپریشنز ماضی میں بھی ضروری تھے اور آئندہ بھی رہیں گے، ان کارروائیوں کا واحد مقصد عام شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی بحالی ہے، سیاسی مباحثے اپنی جگہ، مگر انہیں ایسے الفاظ یا اقدامات میں نہیں بدلنا چاہیے جو سیکورٹی اداروں کو کمزور کریں۔

Scroll to Top