پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ سکسز کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
گرین شرٹس جنوبی افریقہ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ہانگ کانگ سکسز کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔
جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز بنائے،وین شالویک 40 اور ایتھن جونز 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کے محمد شہزاد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان نے صرف 3.5 اوورز میں ہدف حاصل کر لیا، عبدالصمد نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 10 گیندوں پر 50 رنز بنائے جن میں 8 چھکے شامل تھے۔
خواجہ نافع نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی اس کامیابی کے ساتھ قومی ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہانگ کانگ سکسز، پاک بھارت ٹاکرا بارش کی نذر، بھارت دو رنز سے فاتح قرار
یاد رہے گزشتہ روز ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا تھا جو بارش کی نذر ہوگیا جس کا فائدہ بھارت کو ہوا اور پاکستان کو شکست ہوگئی۔
بھارت نے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 86 رنز سکور کیے پاکستان کے محمد شہزاد نے دو بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا۔
پاکستان کو جیت کے لیے 6 اوورز میں 87 رنز درکار تھے جبکہ قومی ٹیم نے 3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 41 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی۔
بارش کے باعث میچ روک دیا گیا تاہم بارش نہ رکنے کے سبب ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت بھارت دو رنز سے جیت گیا۔





