نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک بھر میں اپنے دفاتر ایک دن کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نادرا کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عام تعطیل کے اعلان کے مطابق، علامہ اقبال ڈے کے موقع پر اتوار 9 نومبر 2025 کو ملک بھر میں اس کے تمام دفاتر بند رہیں گے۔
اتھارٹی کے مطابق نادرا کے 24 گھنٹے کام کرنے والے دفاتر 8 نومبر 2025 کی رات 12 بجے بند ہو جائیں گے اور پیر 10 نومبر 2025 کی صبح 8 بجے دوبارہ کھلیں گے۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ تعطیل کے دوران وہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے نادرا کی ڈیجیٹل شناختی خدمات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ ایپ کے ذریعے شہری اپنے شناختی کارڈ سے متعلق درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں اور دیگر خدمات کا آن لائن انتظام بھی کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل نادرانے شہریوں کے لیے نئی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے شناختی کارڈ گھر بیٹھے بنوانے کی سروس شروع کر دی ہے۔
نادرا کے مطابق اب شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول کے لیے نادرا دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : افواج پاکستان نے 4 دن میں بھارت کو شکست فاش دی، وزیراعظم
جاری معلومات کے مطابق جدید آن لائن نظام کے ذریعے شہری گھر بیٹھے پاک آئی ڈی (Pak-ID) ایپ یا ویب سائٹ کے ذریعے نیا، تجدید شدہ یا معلومات میں تبدیلی والا شناختی کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ شہری چند آسان مراحل میں آن لائن فارم پُر کر کے، بائیومیٹرک تصدیق کے بعد فیس ادا کریں گے، جس کے بعد کارڈ براہِ راست ان کے گھر پہنچا دیا جائے گا۔
یہ سہولت خاص طور پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے لیے انتہائی مفید قرار دی جا رہی ہے، جنہیں نادرا دفاتر تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
نادرا کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو لمبی قطاروں، دفتری چکروں اور وقت کے ضیاع سے بچانا ہے۔
نادرا کے چیئرمین نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کو ڈیجیٹل سروسز کے نئے دور میں داخل کر رہا ہے۔آن لائن شناختی کارڈ سروس سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ عوام کا ادارے پر اعتماد بھی مزید مستحکم ہوگا۔





