پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ، 54 نئے مریض سامنے آئے

پشاور: پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور حفاظتی اقدامات کے باوجود گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 54 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی صوبے میں ڈینگی کے فعال کیسز کی تعداد 410 تک پہنچ گئی ہے، جس کا اظہار محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے اپنی تازہ رپورٹ میں کیا۔

رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں اس سال اب تک ڈینگی کے کل متاثرہ کیسز کی تعداد 5,435 ہو چکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 نئے مریض مختلف ہسپتالوں میں داخل ہوئے، جب کہ صوبے بھر میں زیر علاج ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 38 ہے۔

پشاور میں صورتحال کے پیش نظر اب تک اس سال 1,894 مریض ہسپتال میں داخل ہو چکے ہیں، جن میں سے 5,023 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

بدقسمتی سے رواں سال ڈینگی کے باعث 2 مریض ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

نوشہرہ میں 15، مردان میں 13، چارسدہ میں 5، کوہاٹ میں 3 اور ایبٹ آباد میں 2 مریض زیر علاج ہیں۔

محکمہ صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے وار تیز، 105 نئے کیسز رپورٹ

 گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مزید 105 تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں فعال ڈینگی کے کیسز کی تعداد 417 ہو گئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق اس سال خیبرپختونخوا میں ڈینگی متاثرہ کیسز کی مجموعی تعداد 5,381 ہے، جن میں سے 1,872 مریض ہسپتالوں میں داخل ہوئے اور 4,962 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق رواں سال ڈینگی کے باعث 2 مریض اپنی جان بھی گنوا چکے ہیں۔

صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں اس وقت 39 مریض زیر علاج ہیں، ضلعی سطح پر صورتحال کے مطابق نوشہرہ میں 15، مردان میں 14، چارسدہ اور کوہاٹ میں 4-4 مریض زیر علاج ہیں جبکہ ایبٹ آباد کے ہسپتال میں 2 مریض ڈینگی کی پیچیدگیوں کے باعث زیر علاج ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ذاتی اور گھریلو سطح پر احتیاطی تدابیر اپنائیں، خاص طور پر پانی جمع ہونے والے مقامات کو خشک کریں، تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

Scroll to Top