فیصل آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار فتح پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور کھلاڑیوں کو داد تحسین پیش کی۔
وزیرِ اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی، کوچز اور دیگر بورڈ عہدیداران کی بھی پذیرائی کی اور کہا کہ پاکستانی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اور امید ہے کہ آئندہ میچز میں بھی وہ اپنی محنت اور شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے سیریز جیتنا کھلاڑیوں کی انتھک محنت اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 17 برس بعد اقبال سٹیڈیم میں سیریز جیت کر کھلاڑیوں نے ماضی کی خوشگوار یادیں تازہ کر دی ہیں۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے بھی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، کپتان شاہین آفریدی اور تمام کھلاڑیوں کو ہوم گراؤنڈ پر پہلی ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد دی۔
گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں کامیابی ٹیم ورک اور جذبے کا نتیجہ ہے اور پوری قوم کو اس پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : فواد چوہدری وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر برس پڑے
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپنی بہترین کھیل سے خوشیاں بانٹی ہیں۔
اسی طرح وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ شاہینوں نے بہترین کھیل پیش کرکے وطن کے لیے اعزاز حاصل کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فتح نہ صرف کھلاڑیوں کی محنت کا ثبوت ہے بلکہ پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک تاریخی لمحہ بھی ہے۔





