ابرار احمد کی گھومتی گیندوں نے جنوبی افریقی بیٹرز کے ہوش اڑا دیے

فیصل آباد: پاکستانی اسپنر ابرار احمد اور جنوبی افریقی اوپنر کوئنٹن ڈی کوک نے ہفتے کو فیصل آباد میں کھیلے گئے تین ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں انٹرنیشنل کرکٹ کے اہم سنگِ میل عبور کرلیے۔

سیریز کے فیصلہ کن میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہوا، اور پوری ٹیم صرف 143 رنز بنا کر 37.5 اوورز میں آؤٹ ہوگئی۔

ڈی کوک نے جنوبی افریقی اننگز کو سنبھالا دیتے ہوئے 70 گیندوں پر 53 رنز بنائے، جن میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

اس اننگز کے دوران کوئنٹن ڈی کوک نے ون ڈے کرکٹ میں اپنے 7 ہزار رنز مکمل کرلیے۔

وہ یہ سنگِ میل صرف 158 اننگز میں عبور کرکے سابق کپتان ہاشم آملہ کے بعد تیز ترین 7 ہزار رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔

پاکستان کی جانب سے اسپنر ابرار احمد نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں حاصل کیں، جس کے ساتھ ہی انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کرلیں۔

27 سالہ ابرار نے اب تک ٹیسٹ میں 46، ون ڈے میں 25، اور ٹی ٹوئنٹی میں 31 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

پاکستان نے 144 رنز کا ہدف باآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور میچ کے ساتھ سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

ابرار احمد کو ان کی شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلی مرتبہ ہوم گراؤنڈ پرون ڈے سیریز میں شکست دیدی

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔

فیصل آباد میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گئے 144 رنز کے ہدف کو محض 25.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

صائم ایوب نے 70 گیندوں پر 77 رنز بنائے، جن میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، اس کے بعد وہ آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان بغیر رنز بنائے آؤٹ ہو گئے، جبکہ بابر اعظم صرف 32 گیندوں پر 7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے نندرے برگر اور بجورن فرچیون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

Scroll to Top