دوحا: قطر کے دارالحکومت دوحا میں جاری آئی بی ایس ایف عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے دفاعی چیمپئن محمد آصف نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے اپنے ابتدائی میچ میں کامیابی حاصل کرلی، جبکہ نوجوان قومی کیوئسٹ اور انڈر 17 عالمی چیمپئن محمد حسنین اختر سخت مقابلے کے بعد شکست سے دوچار ہوگئے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق محمد آصف نے سنگاپور کے چن کینگ کوانگ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-4 فریمز سے شکست دی۔
پاکستانی کیوئسٹ نے انتہائی پراعتماد کھیل پیش کیا اور فریم اسکور 9-89، 44-73، 48-58، اور 13-83 کے ساتھ میچ اپنے نام کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی آصف نے اپنے ٹائٹل کے دفاع کی مہم کا کامیاب آغاز کردیا۔
دوسری جانب پاکستان کے دوسرے کھلاڑی محمد حسنین اختر کو اپنے پہلے میچ میں سخت مزاحمت کے بعد ہانگ کانگ کے تام یون فنگ کے ہاتھوں 4-3 فریمز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے دوران فنگ نے ساتویں فریم میں شاندار سنچری بریک (116) کھیلا۔ میچ کا فریم اسکور 73-38، 42-77، 59-52، 26-70، 79-26، 47-80، 4-116 رہا۔
یہ بھی پڑھیں : ابرار احمد کی گھومتی گیندوں نے جنوبی افریقی بیٹرز کے ہوش اڑا دیے
چیمپئن شپ کے ابتدائی مرحلے میں مجموعی طور پر 48 کھلاڑیوں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
لیگ راؤنڈ کے اختتام پر ہر گروپ سے دو، دو کھلاڑی ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائیں گے۔
پاکستانی کھلاڑیوں کی اگلی میچز میں کارکردگی پر شائقین کی نظریں جمی ہوئی ہیں، اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ قومی کیوئسٹس اپنی بہترین کارکردگی سے ٹورنامنٹ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے۔





