نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ایران کے خبر رساں ادارےکے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک-ایران تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ ایرانی وزیرخارجہ نے پاکستان اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذاکرات جاری رکھنے اور اختلافات کے پرامن حل پر زور دیا۔
ایران نے پاک-افغان کشیدگی میں کمی اور خطے میں استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ عباس عراقچی نے دونوں برادر، ہمسایہ اور مسلم ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور مضبوط کرنے کے لیے پختہ عزم رکھتا ہے۔
انہوں نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو علاقے کے مؤثر ممالک کے تعاون سے اختلافات کے حل اور تناؤ میں کمی کے لیے مسلسل مذاکرات جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں ایران اپنی مکمل معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کرتا ہے۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ مذاکرات اور پیش رفت سے آگاہ کیا اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مستقبل میں ان امور پر باقاعدہ مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔





