وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا گیا، اب صبح ناشتے پر بلا لیا۔
عشایئےمیں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، بی این پی اور اے این پی کے سینیٹرز سمیت وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق عشائیے میں سیاسی و پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے اتحادیوں سے سینیٹ میں 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کی درخواست کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کو صبح ناشتہ پر بھی مدعو کیا ہے جہاں پارلیمانی امور اور قانون سازی کے حوالے سے مزید مشاورت متوقع ہے۔
اتحادی سینیٹرز کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس میں ناشتہ کا اہتمام کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عوامی نیشنل پارٹی کا وزیراعظم کے عشائیے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ
اس سے قبل عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے وزیراعظم کی جانب سے اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
وزیراعظم کی جانب سے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی پر عوامی نیشنل پارٹی کےحاجی ہدایت اللہ عشائیے میں شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کو مجوزہ آئینی ترامیم کے بعض نکات پر تحفظات ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹ میں 3 ارکان ہیں، جو پارلیمانی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اے این پی کا مؤقف ہے کہ آئینی ترامیم پر مکمل اتفاقِ رائے کے بغیر کوئی فیصلہ جلد بازی میں نہیں کیا جانا چاہیے۔





