خیبر میں سکیورٹی خدشات کے باعث متعدد علاقوں میں کرفیو نافذ، شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت۔
خیبر کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے کرفیو نافذ کر دیا ہے، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
تفصیلات کے مطابق تیراہ، دوتوئے، حیدرکنڈاؤ، ہانگہ سری کنڈاؤ سمیت متعدد علاقوں میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق پیر میلہ بازار، برباغ بازار، کرباغ اور نیوباغ میں بھی عوامی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرفیو نافذ کرنے کا مقصدسکیورٹی اداروں کی کارروائیوں کو مؤثر بنانا اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق کرفیو شام تک نافذ العمل رہے گا، جبکہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد اس میں توسیع یا نرمی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔





