پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو پارٹی سے نکال دیا، نوٹیفیکیشن جاری

شیراز احمد شیرازی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔

پارٹی رہنما فردوس شمیم نے بتایا کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑوکی رکنیت فوری طور پر ختم کر دی گئی ہے، اور یہ اقدام پارٹی کے نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر کیا گیا۔

پارٹی کی طرف سے الیکشن کمیشن کو سینیٹر سیف اللہ کی نشست خالی کرنے کی اطلاع دی جائے گی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو 72 گھنٹے میں اپیل دائر کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ پارٹی کے نظم و ضبط اور جمہوریت کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سینیٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا تھا کہ بھارت کو پاکستان کی فوج نے شکست دی، اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو عالمی سطح پر عزت ملی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وجہ سے انہوں نے ووٹ دیا۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے 27 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ کاسٹ کیا تھا، جو پارٹی کی پالیسی کے برخلاف تھا۔

یہ بھی پڑھیں : وانا کیڈٹ کالج واقعہ: ملک کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں، وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ وہ آج اپنی نشست سے استعفیٰ دے رہے ہیں اور پارٹی سے درخواست کی کہ انہیں ڈی نوٹیفائی کیا جائے۔

سیف اللہ ابڑو 2021 میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر سندھ سے سینیٹ کے لیے منتخب ہوئے تھے، اور ان کی مدت مارچ 2027 تک تھی۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے اس اقدام سے پارٹی کی داخلی یکجہتی اور نظم و ضبط کو نقصان پہنچا، اور اسی وجہ سے فوری کارروائی کی گئی۔

Scroll to Top