سلمان علی خان
بنوں: دو روز قبل اغوا ہونے والے ایس ایچ او عابد کو نامعلوم افراد نےشہیدکر دیا۔
پولیس نے بتایا کہ تھانہ کینٹ کی حدود میں نالہ پل داود شاہ کے قریب سے ایس ایچ او عابد کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔
جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ اغوا کاروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں میں واپڈا کے پانچ مغوی ملازمین بازیاب، 55 دن بعد گھر پہنچ گئے
بنوں کے علاقے پیردل خیل سے اغوا کیے جانے والے واپڈا کے پانچ ملازمین 55 دن بعد بحفاظت بازیاب ہو گئے ہیں۔
واپڈا کی ٹیم بجلی کی مرمت کے کام میں مصروف تھی کہ اچانک نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر کے ڈرائیور سمیت پانچ اہلکاروں کو اغوا کر لیا۔
بازیاب ہونے والے ملازمین میں ڈرائیور عدنان، نقیب الرحمن، فرہاد، عبدالوہاب اور جاویداللہ شامل ہیں، اغواکاروں نے ان کے بدلے میں 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز نے اغوا کے فوری بعد کارروائیاں شروع کیں اور کئی دن کی محنت کے بعد ملازمین کو محفوظ طریقے سے بازیاب کرایا گیا۔
ملازمین کے گھر پہنچنے پر ان کے اہلخانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مقامی کمیونٹی نے بھی سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔
مقامی انتظامیہ نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور اداروں کی مدد سے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات مسلسل جاری رہیں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی۔
واضح رہے کچھ روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے بروقت اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے پہاڑ پور کے علاقے سیدووالی سے اغوا کیے گئے 14 مزدوروں کو بازیاب کروا لیا تھا۔
پولیس کے ترجمان کا کہنا ترھا کہ فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا اور اغوا کاروں کو گھیرے میں لے کر انہیں تابڑ توڑ جواب دیا گیا۔
اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کی بہادری اور منصوبہ بندی کی بدولت کوئی بھی مغوی زخمی ہوئے بغیر محفوظ رہے۔
ترجمان کے مطابق ڈی پی او سجاد احمد صاحبزادہ کی زیر نگرانی ہونے والے اس آپریشن میں تمام 14 افراد کو بحفاظت بازیاب کروایا گیا اور اغوا کار فرار ہونے میں ناکام رہے۔





