پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلے ون ڈے میں سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے، جس میں سلمان علی آغا کی شاندار سنچری نمایاں رہی۔
87 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز میں ان کے 9 چوکے شامل تھے جبکہ حسین طلعت نے 63 گیندوں پر 62 رنز کا نمایاں کھیل پیش کیا۔
وینندو ہسارنگا نے سری لنکا کی جانب سے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے دوسری شادی کی تصدیق کر دی
سری لنکا نے پاکستان کے مقررہ 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 50 اوورز میں 9 وکٹیں گنوا کر 293 رنز بنائے۔
وینندو ہسارنگا کی 59 رنز کی برق رفتار اننگز بھی سری لنکا کو کامیابی نہ دلواسکی، سدیرا 39، کامل مشارا 38 اور کپتان اسالنکا 32 رنز بناسکے۔
پاکستان کی جانب حارث رؤف نے 61 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکن کپتان نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا اور کہا کہ دوسری اننگز میں نمی ہونے کی وجہ سے فیلڈنگ کا انتخاب کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : سٹار بلے باز بابراعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور ریکارڈ قائم کردیا
یہ شاہین شاہ آفریدی کی بطور کپتان دوسری ون ڈے سیریز ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز 2-1 سے جیت لی تھی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 157 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے 93 میں کامیابی حاصل کی جبکہ سری لنکا نے 59 میچ جیتے، ایک میچ ٹائی رہا اور 4 میچ بغیر نتیجہ کے ختم ہوئے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں نے اب تک دو ون ڈے میچز کھیلیں، جن میں ہر ٹیم نے ایک ایک میچ میں فتح حاصل کی۔





