پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ افغانستان نے کبھی پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا، سیاسی جماعتیں دہشتگردی کے خاتمے اور دیرپا امن کے لیے متحد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں جاری امن جرگے کے موقع پر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان نے کبھی بھی پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے امن جرگے میں صوبے کی 20 بڑی سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جس میں تمام پارٹیوں نے شرکت کرنے کی حامی بھر کر امن کے عمل کی حمایت کا عندیہ دیا ہے۔
جنید اکبر نے گزشتہ روز ہونے والے ناخوشگوار واقعات کی بھی مذمت کی اور کہا کہ ان کے پیچھے کسی نہ کسی کا ہاتھ ضرور ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ جرگہ مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کی بنیاد پر امن کے فروغ کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اس فورم پر امن جرگہ ہو رہا ہے، جس سے انہیں پر امیدی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج کے جرگے کا سنگل پوائنٹ ایجنڈا امن ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام سیاسی جماعتیں ہزار اختلافات بھلا کر پی ٹی آئی کے ساتھ شریک ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے دہشتگردی کے مسئلے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت کی باتیں علیحدہ ہیں، لیکن دہشتگردوں سے کسی بھی قسم کی بات چیت نہیں ہونی چاہیے۔ جن لوگوں نے ہمارے بچوں اور عوام کے جان و مال کو نقصان پہنچایا ہے، ان کے لیے کوئی معافی نہیں ہو سکتی۔
ذرائع کے مطابق، امن جرگے میں صوبے کے سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنما شامل ہیں، اور اس کا مقصد خطے میں دیرپا امن کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔ اس موقع پر سیاسی جماعتوں نے دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کی سلامتی کو اولین ترجیح قرار دیا ہے۔





