اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر کہا ہے کہ آج کا دن جمہوری تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، ایوان نے قومی اتحاد و اتفاقِ رائے کو فروغ دیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میثاقِ جمہوریت میں شامل آئینی عدالتوں کے قیام کا خواب آج حقیقت کا روپ اختیار کر گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں خارجی ہاتھ واضح طور پر ملوث ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان حملوں میں بھارت اور بدقسمتی سے ہمسایہ ملک افغانستان بھی شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وانا، اسلام آباد کچہری اور دیگر واقعات میں دہشت گردی کے پیچھے انہی عناصر کا ہاتھ ہے جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔
ان کے مطابق بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کو اغوا کرنے والے دہشت گردوں کا تعلق بی ایل اے سے تھا، اور اس تنظیم کے بھارت سے روابط کے شواہد دنیا کے سامنے پیش کیے جا چکے ہیں، جن کی کسی نے تردید نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ان دشمنانِ اسلام اور پاکستان کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہم نے انہیں پہلے بھی منہ توڑ جواب دیا ہے اور آئندہ بھی دیں گے۔ ہم دہشت گردوں کو ملک کے امن اور استحکام کے راستے میں حائل نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب بھارت اور افغانستان کے ملوث ہونے کی نشاندہی کی گئی تو بھارت نے ردعمل میں جھوٹا پروپیگنڈا کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور وانا کے حملوں میں ملوث عناصر کے شواہد ہم عالمی برادری کے سامنے رکھ چکے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ استنبول میں افغانستان کی عبوری حکومت سے ملاقات کے دوران پاکستان نے دو برس سے یہی مطالبہ دہرایا ہے کہ افغان سرزمین دہشت گردوں کے لیے استعمال نہ ہونے دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے افغان بھائیوں کو چالیس برس تک مہمان رکھا، ان کے ساتھ بھائیوں جیسا سلوک کیا، مگر افسوس کہ آج ہمیں اسی مہمان نوازی کا صلہ دہشت گردی کی صورت میں دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ افغانستان کو چاہیے کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف عملی کارروائی کرے اور خطے کے امن کے لیے پاکستان کے ساتھ مخلصانہ تعاون کرے۔
شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے آئینی ترمیم کی منظوری پر اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پارلیمانی جمہوریت کے استحکام کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت اور افغانستان دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہیں، وانا اور اسلام آباد حملے ثبوت ہیں، شہباز شریف
انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف، اتحادی جماعتوں اور بلاول بھٹو کا مشکور ہوں جنہوں نے قومی اتفاق رائے سے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری ممکن بنائی۔
انہوں نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مدد سے اربوں روپے کے ریونیو کیسز حل ہوئے، اور انہوں نے آئینی دائرے میں رہ کر حکومت کی بھرپور رہنمائی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج ایوان میں یکجہتی اور اتحاد کی فضا قائم ہوئی، جس پر تمام سیاسی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل وانا میں دہشتگردوں نے سانحہ اے پی ایس کی یاد تازہ کر دی، مگر ہماری فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا اور تمام طلبہ و اساتذہ کو بحفاظت بازیاب کرایا۔
وزیراعظم نے آخر میں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، ہم امن اور ترقی کے راستے پر ثابت قدم رہیں گے۔





