راولپنڈی : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سکیورٹی کے معاملات میں مکمل یقین دہانی کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم نے اپنے دورہ پاکستان کو جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
قبل ازیں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مینجر نے بیان دیا تھا کہ کھلاڑی پاکستان کا دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس جانے کے خواہاں ہیں، تاہم ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ون ڈے اور سہ ملکی سیریز کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے اور ٹیم کی سکیورٹی میں اضافہ کیا۔
پی سی بی کی اس یقین دہانی کے بعد سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کا حتمی فیصلہ کیا۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بھی کہا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی دورہ مکمل نہیں کرنا چاہے تو متبادل انتظام کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکن کھلاڑیوں کو سکیورٹی کے ہر پہلو کی مکمل یقین دہانی کرائی، اور بورڈ نے واضح کیا کہ ٹیم اور عملے کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ شیڈول کے مطابق ہوگا۔
یاد رہے کہ سری لنکا کے کھلاڑی پاکستان کے خلاف بقیہ دو ون ڈے میچز کے علاوہ سہ ملکی سیریز میں بھی حصہ لیں گے۔
دوسرا ون ڈے میچ کل راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سکیورٹی خدشات، سری لنکن ٹیم نے سیریز ادھوری چھوڑنے کا عندیہ دے دیا
یاد رہے کہ اس سے پہلے دورہ پاکستان پر موجود سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس جانا چاہتے ہیں۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مینجر کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی واپس جانا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین کرکٹ بورڈ و وزیرداخلہ کچھ دیر بعد سری لنکن ٹیم سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کو سکیورٹی پر بریفنگ دی جائے گی۔
اس سے قبل پاکستان کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم نے بھی آج کا پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا تھا۔
پاکستان ٹیم نے آج آرام کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد سری لنکا کرکٹ ٹیم نے بھی شام میں شیڈول پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا۔
واضح رہے کہ سری لنکا پاکستان کے خلاف سیریز کے بقیہ دو ون ڈے میچز اور پھر پاکستان میں سہ ملکی سیریز کھیلنا ہے۔





