پی سی بی چیئرمین کے بیان نے سری لنکن ٹیم کے فیصلے کو نیا رخ دے دیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ عطا تارڑ نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کے پاکستان کے دورے کو مکمل کرنے کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ کے فروغ کے لیے ہمیشہ تعاون کرنے پر سری لنکن ٹیم کے مشکور ہیں۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مینجر نے پہلے اعلان کیا تھا کہ کھلاڑی پاکستان کا دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس جانے کے خواہاں ہیں، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ٹیم کی سکیورٹی کو بڑھانے کی یقین دہانی کروانے کے بعد سری لنکن کھلاڑیوں نے دورہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد ہمارے لیے باعث فخر ہے اور کرکٹ کے کھیل کی حمایت پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

اسی سلسلے میں وزیر داخلہ خواجہ آصف نے بھی سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہماری نیک تمنائیں اور حمایت ہمیشہ سری لنکن کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ نے ہیش ٹیگ #FriendshipNotOut کے ساتھ دورہ جاری رکھنے پر سری لنکن ٹیم سے اظہار تشکر شروع کر دیا ہے۔

پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے بھی کھلاڑیوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور دورہ پاکستان جاری رکھنے کے فیصلے پر ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھیل کے جذبے اور یکجہتی کی بہترین مثال ہے۔

پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے بقیہ میچز 14 اور 16 نومبر کو راولپنڈی میں شیڈول ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سری لنکن ٹیم نے پاکستان میں سیریز مکمل کرنے کا عزم ظاہر کر دیا

یاد رہے کہ گزشتہ روز سری لنکا ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے دورہ ادھورا چھوڑنے کا امکان ظاہر کیا تھا ، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سکیورٹی کے معاملات میں مکمل یقین دہانی کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم نے اپنے دورہ پاکستان کو جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

قبل ازیں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مینجر نے بیان دیا تھا کہ کھلاڑی پاکستان کا دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس جانے کے خواہاں ہیں، تاہم ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ون ڈے اور سہ ملکی سیریز کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے اور ٹیم کی سکیورٹی میں اضافہ کیا۔

پی سی بی کی اس یقین دہانی کے بعد سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کا حتمی فیصلہ کیا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بھی کہا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی دورہ مکمل نہیں کرنا چاہے تو متبادل انتظام کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکن کھلاڑیوں کو سکیورٹی کے ہر پہلو کی مکمل یقین دہانی کرائی، اور بورڈ نے واضح کیا کہ ٹیم اور عملے کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔

Scroll to Top