ڈیرہ اسماعیل خان: پاکستان کسٹمز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے مسافر بس سے 91 کروڑ روپے مالیت کی آئس برآمد کرلی۔
ایف بی آر کے مطابق کارروائی کے دوران بس سے پندرہ کلوگرام سے زائد غیرملکی ساختہ آئس برآمد ہوئی، جس کی مالیت اکیانوے کروڑ روپے سے زائد ہے۔
منشیات خصوصی تیار کردہ انورٹرز کے اندر چھپائی گئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق منشیات کو سرکاری گودام منتقل کرنے کے دوران کسٹمز عملے پر شرپسندوں نے فائرنگ کی، تاہم ٹیم کی بروقت، جرات مندانہ اور پیشہ وارانہ کارروائی کے باعث تمام اہلکار محفوظ رہے۔
کسٹمز حکام نے ضبط شدہ منشیات کو محفوظ کرلیا، جبکہ پاک فوج اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر فوری مدد فراہم کی۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی منشیات کی روک تھام اور عوامی تحفظ کے لیے ایک اہم قدم ہے اور اس سے ملک میں منشیات کی اسمگلنگ پر سخت پیغام بھی گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ضلع خیبر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 16 کلو آئس برآمد
یاد رہے کہ اس سے پہلے ضلع خیبر میں جمرود پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 16 کلوگرام آئس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی قیادت میں ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے۔
جمرود پولیس نے علاقہ وزیر ڈھنڈ میں ناکہ بندی کے دوران مشتبہ شخص شیراز ولد وارث کو روکا اور اس کی تلاشی لی، جس کے دوران بوری میں چھپائی گئی 16 کلو آئس برآمد ہوئی۔
پولیس نے موقع پر ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔ گرفتار ملزم پہلے بھی منشیات کے مقدمات میں مطلوب تھا اور ایک منظم منشیات گروہ کا رکن ہے۔ ڈی پی او خیبر نے تمام چیک پوسٹوں پر چیکنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ ضلع کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔





