جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
ایوانِ صدر میں ہونے والی پروقار تقریبِ حلف برداری میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس امین الدین خان سے حلف لیا۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس محمد یحییٰ آفریدی، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزرا اور ارکانِ پارلیمنٹ بھی تقریب میں موجود تھے جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی۔
گزشتہ روز صدر مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر جسٹس امین الدین خان کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کی منظوری دی تھی جس کے بعد وزارتِ قانون نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین عدالت کے 6 نئی ججز سے حلف لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس آف پاکستان نے فل کورٹ اجلاس بلا لیا
ذرائع کے مطابق ستائیسویں آئینی ترمیم کے تناظر میں سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس آج ہوگا جس میں آئینی ترمیم ایجنڈے سے ہٹ کر بھی زیربحث آنے کا امکان ہے۔
فل کورٹ اجلاس کے انعقاد کی درخواست سپریم کورٹ کے تین ججز نے خط کے ذریعے کی تھی۔ اجلاس میں سپریم کورٹ رولز پر بھی مشاورت کی جائے گی۔





