ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی ایڈہاک انتظامیہ نے مستقل چیئرمین کی عدم موجودگی میں نئے مستقل ایگزیکٹو ڈائریکٹر (ای ڈی) کے تقرر کی منظوری دے دی ہے۔
خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیا الحق کو چار سال کے لیے ای ڈی مقرر کیا گیا ہے اور اس تقرری کی منظوری ایچ ای سی کے اجلاس میں دی گئی۔
اجلاس میں چار امیدواروں کے نام زیر غور آئےجن میں سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر عباس، خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیا الحق، اروڑ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر زاہد کھنڈ اور سائنس فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر شاہد بیگ شامل تھے۔
وفاقی سیکریٹری تعلیم اور قائم چیئرمین نے اجلاس میں بتایا کہ ڈاکٹر زاہد کھنڈ اور ڈاکٹر شاہد بیگ کے کلیئرنس مسائل تھے، اس لیے سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر عباس اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیا الحق کے ناموں پر غور کیا گیا اور بالآخر ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر ڈاکٹر ضیا الحق کے نام پر اتفاق رائے ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : علی امین گنڈا پور کا خیبر میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے خیبر میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس فیصلے پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
خیبر میڈیکل کالج میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کے ایم یو اور کے ایم سی کے درمیان کوئی مقابلہ نہیں ہے، دونوں ادارے اپنی جگہ اہم خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اور حکومت اس سلسلے میں مختلف ڈویژنز میں سہولیات مہیا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں دل کے آپریشنز کی سہولیات کے لیے تیس کروڑ روپے جلد فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی آمدنی میں اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت یہ پیسہ ان شعبوں میں خرچ کرے گی جہاں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔





