پاک فوج کے زیر اہتمام امید اسپیشل اسکول میں سالانہ سپورٹس گالا، خصوصی بچوں کی شرکت

پاک فوج کے زیر اہتمام امید اسپیشل اسکول میں سالانہ سپورٹس گالا، خصوصی بچوں کی شرکت

پاک فوج کے زیر اہتمام امید اسپیشل اسکول میں سالانہ سپورٹس گالا، خصوصی بچوں نے دکھائی صلاحیتوں کی شاندار جھلک۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کی سرپرستی میں قائم “امید اسپیشل ایجوکیشن سکول” میں سالانہ سپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا، جس میں خصوصی بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں نہ صرف امید اسپیشل سکول پشاور کے طلبہ نے حصہ لیا بلکہ آشیانہ اسپیشل ایجوکیشن سکول کوہاٹ، ایف جی سکول پشاور، اے پی ایس پشاور اور بیت الیتامہ اسکول کے خصوصی بچوں نے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

امید اسپیشل سکول پشاور میں 188 خصوصی بچے زیر تعلیم ہیں، جہاں قوت بینائی، قوت سماعت، جسمانی اور ذہنی معذوری کے شکار بچوں کو معیاری تعلیم اور تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ اسکول کے تین ہونہار طلبہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی حصہ لے چکے ہیں، جو ادارے کے اعلیٰ معیار کی تعلیم اور تربیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر کور کمانڈر ۱۱ کور نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ سپورٹس گالا میں خصوصی بچوں کے درمیان کرکٹ، بیڈمنٹن، رسہ کشی اور فٹبال کے دلچسپ مقابلے منعقد کیے گئے۔ اس کے علاوہ بچوں نے مختلف ثقافتی ٹیبلوز بھی پیش کیے، جنہوں نے حاضرین کو نہ صرف محظوظ کیا بلکہ خصوصی بچوں کی صلاحیتوں اور تخلیقی پہلو کو اجاگر کیا۔

مقابلوں کے اختتام پر بچوں میں تحائف اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے، جس سے خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی ہوئی اور انہیں اپنی محنت اور صلاحیتوں کے مظاہرے پر فخر محسوس ہوا۔

پاک فوج کی اس کاوش سے واضح ہوتا ہے کہ معاشرے کے ہر فرد کو برابر مواقع فراہم کرنا اور خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ترجیح ہے، تاکہ وہ بھی اپنی زندگی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکیں۔

Scroll to Top