ڈی جی آئی ایس پی آر کی قائداعظم یونیورسٹی میں طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست، ملکی دفاع اور سوشل میڈیا پروپیگنڈا پر روشنی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے قائداعظم یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
خصوصی نشست میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملکی داخلی صورتحال، دفاعی امور اور پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے طلبہ کو سوشل میڈیا پر پھیلے ہوئے پروپیگنڈا اور حقائق کے درمیان فرق سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ طلبہ معلومات کا تجزیہ عقل اور حقائق کی بنیاد پر کریں۔
اس موقع پر وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے بھارت کے حوالے سے بیان کو عالمی سطح پر سچ ثابت ہوتا دیکھا گیا، جہاں افواج پاکستان نے بھارتی ٹیکنالوجی اور فوجی حکمت عملی کے مقابلے میں کامیابیاں حاصل کیں۔
طلبہ اور اساتذہ نے سیشن کو نہایت مؤثر قرار دیا اور کہا کہ اس نشست نے ان کے کئی ابہامات دور کر دیے۔ طلبہ نے کہا، ’’ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور پاک فوج ہمارے دل و دماغ میں ہے۔‘‘ انہوں نے مس انفارمیشن اور غلط اطلاعات سے متعلق سوالات کے مدلل جوابات دینے پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔
یہ خصوصی نشست نہ صرف طلبہ کے لیے معلوماتی اور تربیتی ثابت ہوئی بلکہ اس نے پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار اور قومی دفاع کے حوالے سے عوامی شعور بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔





