پاکستان سپر لیگ کی توسیع کا اہم سنگ میل، کتنی نئی ٹیمیں شامل ہوں گی؟

پاکستان سپر لیگ نے اعلان کیا ہے کہ دو نئی فرنچائز ٹیموں کے لیے نیلامی 6 جنوری 2026 کو منعقد کی جائے گی۔

یہ اقدام لیگ کے تسلسل کے ساتھ پھیلاؤ اور پاکستان بھر میں کرکٹ کے اثر و رسوخ کو بڑھانے کے عزم میں ایک اہم سنگِ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق دو نئی ٹیموں کے شامل ہونے سے نہ صرف کھیل کے مواقع بڑھیں گے بلکہ تجارتی سرگرمیوں اور شائقین کے ساتھ رابطے کے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔

نئی فرنچائزز کی ممکنہ تعیناتی کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے شہروں میں فیصل آباد، راولپنڈی، حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد اور گلگت شامل ہیں۔

کامیاب بولی لگانے والے سٹیک ہولڈرز کو ان شہروں یا ٹیم کے ناموں میں سے انتخاب کرنے کا حق حاصل ہوگا۔

نیلامی میں صرف وہ بولی دہندگان حصہ لے سکیں گے جو تکنیکی طور پر اہل ہوں گے۔ پی ایس ایل انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس مرحلے کے ذریعے لیگ میں نئے شراکت دار شامل ہوں گے جو ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ماحولیاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان کرکٹ پر لیگ کے مثبت اثرات کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت:پی سی بی کی وضاحت

پاکستان سپر لیگ اب دنیا کی ممتاز ٹی ٹوئنٹی لیگ کے طور پر تسلیم شدہ ہے اور اپنی تجارتی طاقت، کھیل کی معیار اور شائقین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث مسلسل ترقی کر رہی ہے۔

پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ اس بات کی توقع کر رہی ہے کہ نئی ٹیموں کے شامل ہونے سے لیگ کے مقابلے مزید دلچسپ اور شائقین کے لیے پرکشش بنیں گے۔

اس موقع پر پی ایس ایل انتظامیہ نے مزید کہا کہ نئی فرنچائزز کے ذریعے پاکستان بھر کے کرکٹ شائقین کو لیگ کے قریب لانے اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی جس سے ملکی کرکٹ کی ترقی میں بھی اضافہ ہوگا۔

Scroll to Top