دبئی ایئر شو میں بھارتی تیجس طیارہ تباہ، کمپنی کے شیئرز گر گئے

دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی جنگی طیارہ تیجس کو گر کر تباہ ہو گیا جس کے بعد اسے بنانے والی کمپنی ہندوستان ایروناٹکس کے شیئرز میں تقریباً 2.6 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق طیارہ کرتب دکھاتے ہوئے اچانک نیچے کی جانب جھکا اور رَن وے کے قریب آ کر زور دار دھماکے کے ساتھ زمین سے ٹکرا گیا، جس کے فوراً بعد شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔

حادثے کے بعد انتظامیہ نے ایئر شو کو کچھ وقت کے لیے روک دیا۔

رپورٹس کے مطابق 2015 میں بھارتی فضائیہ میں شمولیت کے بعد تیجس کا یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے قبل بھی ایک طیارہ راجستھان میں تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا تھا۔

واقعے سے پہلے بھی طیارہ تکنیکی مسائل کے باعث تنقید کی زد میں تھا، کیونکہ آئل لیک کی شکایات کے باوجود اسے ایئر شو میں شامل کیا گیا تھا، جس پر سوشل میڈیا پر کافی بحث چل رہی تھی۔

بھارتی فضائیہ کے ترجمان نے حادثے میں پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top