وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا صوبے میں نرسز ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان

پشاور(کاشف الدین سید)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت محکمہ صحت کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلی سہیل آفریدی نے صوبے میں نرسز کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر ’’نرسز ایمرجنسی‘‘ نافذ کرنے کا اعلان کیا۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ نرسز کی تمام خالی آسامیوں پر ایٹا کے ذریعے بلا تاخیر بھرتی کا عمل شروع کیا جائے، جبکہ نرسنگ کے شعبے میں تربیتی سہولیات میں اضافہ کیا جائے تاکہ فوری بنیادوں پر عملہ دستیاب ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں : این اے-18 ہری پور ضمنی الیکشن: لیگی رہنما کی دھمکی آمیز گفتگو پر الیکشن کمیشن کا نوٹس

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بی ایس نرسنگ کے 650 تربیت یافتہ طلبہ کے سلاٹس تاحال نرسنگ کونسل کے پاس ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ان سلاٹس کے حصول کے لیے نرسنگ کونسل کو نیا مراسلہ ارسال کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے ادویات اور آلات کی خریداری کا عمل یکم جنوری سے ہر صورت شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈاکٹرز اور اسپیشلسٹس کی کمی دور کرنے کے لیے جاری بھرتیوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھرتیوں میں میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔

اجلاس میں پولیو، ڈینگی اور ملیریا کی روک تھام کے لیے بھی جامع حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے ڈینگی کنٹرول کے لیے ڈینگی ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کو ضروری قرار دیا اور متعلقہ حکام کو فعال اقدامات کا حکم دیا۔

وزیر اعلیٰ نے ہیلتھ کیئر کمیشن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ پشاور کے بڑے سرکاری ہسپتالوں پر بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کرنے کے لیے پشاور، کوہاٹ اور ملاکنڈ میں نئے بڑے ہسپتالوں کے قیام کی تجاویز پیش کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی آبادی کی ضروریات کے مطابق ہنگامی بنیادوں پر نئے اقدامات کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

اجلاس میں خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبہ فوری طور پر مکمل کر کے فعال کیا جائے ذمہ داران کو نوٹس جاری کیا جائے اور پیش رفت کی ہفتہ وار رپورٹ پیش کی جائے۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس میں بہتری کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور وسائل کو کسی صورت رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔

Scroll to Top