وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ایف سی جوانوں کی بہادری سے بڑی تباہی ٹل گئی، دہشتگرد حملے کے باوجود عوام اور سکیورٹی فورسز کے حوصلے بلند، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائیگا
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردوں کے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی اور واقعے کو انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا۔
وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس خیبرپختونخوا سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ جوانوں کی بہادری اور جرات نے بڑی تباہی سے ملک کو بچا لیا، اور اس حملے کے باوجود عوام اور سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور یہ بزدلانہ حملے ہماری ہمت اور عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا’’شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔‘‘
وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ مزید مضبوط عزم اور عہد کے ساتھ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور قیام امن کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اس موقع پر سہیل آفریدی نے شہید اہلکاروں کے ایصالِ ثواب اور ان کے لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔یہ بیان اس بات کی واضح عکاسی کرتا ہے کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف مکمل طور پر اہلکاروں اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔





