پانی اور زرعی ترقی میں اہم قدم، باران اور مروت کینال منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی منظور، بجٹ ایک ارب 44 کروڑ روپےمختص
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے باران ڈیم اور مروت کینال سسٹم کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں جاری کردہ پی سی ٹو (Preliminary Cost Estimate) پر دو کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ پورے باران مروت ڈیم و کینال منصوبے کے لیے مجموعی تخمینہ ایک ارب 44 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔
محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کے مطابق، یہ منصوبہ صوبے میں پانی کے بہتر انتظام اور زرعی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پی ڈی ڈبلیو پی کے مطابق، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث دریائے ٹوچی کے بہاؤ میں کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ باران ڈیم کے لیے موجودہ متبادل ذرائع کی تلاش بھی ضروری ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں، دریائے کرم کا پرانا فیڈر چینل ڈیم ریزنگ کے بعد غیر فعال ہو چکا ہے، اور نئے فیڈر چینل کی ایک ہزار کیوسک صلاحیت بھی پانی کی مسلسل فراہمی کے لیے ناکافی سمجھی جا رہی ہے۔
محکمہ آبپاشی نے منصوبے کی مزید تیاری کے لیے ہائیڈرو لوجیکل اسٹڈی کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس میں باران ڈیم کے قریب دریاؤں اور نالوں کے مستقل بہاؤ کا جائزہ لیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر فزیبلٹی اسٹڈی غیر مؤثر ثابت ہوئی تو تفصیلی ڈیزائن پر کوئی خرچ نہیں کیا جائے گا، جس سے وسائل کے دانشمندانہ استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ اقدام خیبرپختونخوا حکومت کی پانی کے انتظام اور زرعی ترقی کے حوالے سے اہم حکمت عملی کا حصہ ہے، جس سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے بلکہ صوبے میں پانی کی قلت کے مسائل بھی کافی حد تک کم ہو سکتے ہیں۔





