کولمبو: پاکستان میں ٹرائی سیریز مکمل کرنے کے بعد سری لنکن کرکٹرز وطن واپس پہنچتے ہی اپنے ملک کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے سرگرم ہو گئے۔
ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا کی قیادت میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور متاثرین کے لیے امدادی سامان آرمڈ فورسز کے حوالے کیا۔
کھلاڑیوں نے آرمڈ فورسز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشکل وقت ملک کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
سنتھ جے سوریا کا کہنا تھا کہ آرمڈ فورسز کی خدمات لائق تحسین ہیں اور یہ مشکل وقت ہر شہری کے لیے یادگار رہے گا۔
سری لنکا میں حالیہ سمندری طوفان دتوا کے باعث شدید بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں اب تک 366 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق ملک بھر میں 44 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے، جنہیں اسکولوں اور دیگر پبلک مقامات میں منتقل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سہ ملکی سیریز ،پاکستان نے فائنل میں سری لنکا کو شکست دیدی
یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم 19.1 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ کامل مشہارا 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کوسل مینڈس 14 اور پتھم نسانکا 11 رنز بنا سکے۔ سری لنکا کے سات کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز اور شاہین آفریدی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد نے دو، جبکہ صائم ایوب اور سلمان مرزا نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
فائنل سے قبل کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ پاکستان نے آج کے مقابلے کے لیے ایک تبدیلی کی اور محمد وسیم جونیئر کی جگہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔





