راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیمبرین پیٹرول مقابلوں میں حصہ لینے والی پاک فوج کی ٹیم سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، جہاں انہوں نے دنیا کے سخت ترین فوجی مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ٹیم کے جوانوں کی غیر معمولی جسمانی صلاحیت، مؤثر حکمت عملی اور بہترین ٹیم ورک کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کامیابی نہ صرف پاک فوج کی اعلیٰ روایات کا تسلسل ہے بلکہ اس نے پوری قوم کا سر بھی فخر سے بلند کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مالی حقوق دیئے بغیر ضم اضلاع کا صوبے میں انضمام نامکمل ہے، معاون خصوصی شفیع جان
فیلڈ مارشل نے اس موقع پر کہا کہ کیمبرین پیٹرول جیسے چیلنجنگ مقابلوں میں کامیابی پاک فوج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کی عکاس ہے اور اس سے فوج کے عزم، جذبے اور کارکردگی پر مزید اعتماد بڑھا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیم کے شرکا نے اس پذیرائی پر فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی ضبط، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت پر مبنی پاک فوج کے بنیادی اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔





