واشنگٹن: امریکی حکام نے ریاست ورجینیا کے شہر وینس بورو سے افغان باشندے جان شاہ صفی کو گرفتار کرلیا ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے داعش کے کمانڈر کو افغانستان میں اسلحہ پہنچایا۔
امیگریشن اینڈ کسٹم انفورسمنٹ (ICE) کے مطابق جان شاہ صفی کو ایک روز قبل گرفتار کیا گیا، جبکہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے بتایا کہ ملزم نے امریکا میں داخلے کے بعد عارضی محفوظ حیثیت (Temporary Protected Status) کے لیے درخواست دی تھی، لیکن بعد میں یہ درخواست منسوخ ہوگئی۔
ہوم لینڈ سیکرٹی کی سربراہ کرسٹی نوم نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے سابقہ حکومت کی پالیسیوں کے تحت بعض افراد کو بغیر مکمل جانچ پڑتال کے امریکا آنے دیا، جس کے نتیجے میں ایسے کیسز سامنے آئے ہیں۔
جان شاہ صفی 2021 میں بائیڈن انتظامیہ کے Allies Welcomeپروگرام کے تحت امریکا پہنچا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق اس کی گرفتاری داعش کی معاونت سے متعلق تحقیقات کے حصہ کے طور پر عمل میں آئی ہے۔
یہ واقعہ امریکا میں افغان پناہ گزینوں سے متعلق خطرات کی تازہ یاد دہانی ہے۔ اس سے پہلے بھی دو افغان شہری گرفتار ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ملک دشمن قوتوں کے لیے مایوسی، قومی دفاع کے لیے خوشخبری، صادق سنجرانی
واشنگٹن میں نیشنل گارڈز پر فائرنگ کے بعد رحمان اللہ لکنوال کو حراست میں لیا گیا، اور چند روز بعد ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ میں محمد داؤد الوکزئی کو بم دھمکی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
دونوں افراد بھی Allies Welcome پروگرام کے تحت امریکا میں داخل ہوئے تھے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا دہشت گردانہ کارروائی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔





