پشاور، پاک فوج کے ساتھ طلبا کا معلوماتی اور تربیتی دن

پاک فوج نے یونیورسٹی آف پشاور اور اس سے ملحقہ اداروں کے طلبا کے لیے پشاور میں ایک خصوصی دن کا اہتمام کیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو فوج کے پیشہ ورانہ نظم و ضبط، ذمہ داریوں اور جدید دفاعی صلاحیتوں سے روشناس کرانا تھا۔

تقریب کا آغاز یادگارِ شہدا پر حاضری سے ہوا، جہاں طلبا نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ طلبا نے ملک کے لیے قربانیاں دینے والے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

بعد ازاں طلبا کو پاک فوج کے مختلف پیشہ وارانہ امور، آپریشنل ذمہ داریوں اور ملکی دفاع میں ادا کیے جانے والے کردار سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے بھی طلبا سے ملاقات کی، ان کی دلچسپی کو سراہا اور ان کے سوالات کے جوابات دیے۔

طلبا نے پاک فوج کے جدید ہیلی کاپٹرز، طیاروں، مواصلاتی آلات اور مختلف اقسام کے ہتھیاروں کا قریب سے معائنہ کیا۔ اس دوران انفینٹری کی جانب سے پیش کیے گئے کاؤنٹر ٹیررزم شو نے طلبا کی خصوصی توجہ حاصل کی، جہاں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کے عملی مظاہرے دیکھے۔

یہ بحی پڑھیں: پاک فوج کے ترجمان کی طلبہ و اساتذہ کے ساتھ معلوماتی نشست

بعد ازاں طلبا نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا اور مختلف عسکری کارروائیوں میں زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کے حوصلے اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

طلبا نے اس خصوصی دن کے انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے نے انہیں ملکی دفاع کے نظام کو قریب سے سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔

Scroll to Top