وزیراعظم شہباز شریف کا 11 اور 12 دسمبر کو ترکمانستان کا اہم دورہ، علاقائی تعاون اور توانائی منصوبے ایجنڈے میں شامل
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف 11 اور 12 دسمبر کو ترکمانستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم یہ دورہ ترکمانستان کی جانب سے منعقدہ “بین الاقوامی فورم برائے امن و اعتماد” میں خصوصی شرکت کے لیے کر رہے ہیں، جہاں علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے موضوعات پر اہم اجلاس منعقد ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران ترکمانستان صدر سردار بردی محمدوف سے خصوصی ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت، توانائی، علاقائی روابط، سکیورٹی تعاون اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات مضبوط بنانے پر بات چیت ہوگی۔
وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان بڑے توانائی منصوبوں، خصوصاً TAPI گیس پائپ لائن اور خطے میں توانائی کے تبادلے کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف فورم میں شرکت کے دوران مختلف ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی و عالمی صورتحال، معاشی شراکت داری، ٹرانزٹ ٹریڈ، کنیکٹیویٹی، اور باہمی تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوگی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ دورہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط مضبوط ہوں گے بلکہ خطے میں امن و اعتماد کے فروغ کے لیے بھی نئے راستے کھلیں گے۔





