دھرنے کی اصل کہانی: کارکن نے قیادت کو کھری کھری سنادیں، جانثار کہاں ہیں؟

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے کارکن نے اڈیالہ جیل کے باہر جاری دھرنے کے دوران پارٹی قیادت پر سخت تنقید کی اور سوال اٹھایا کہ خان کے جانثار کہاں ہیں؟۔

اڈیالہ جیل کے قریب علیمہ خان کے دھرنے میں نوشہرہ سے آئے کارکن فضل امین نے پی ٹی آئی قیادت کی کارکردگی پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے دعوے کرتے ہیں، وہ دھرنے میں کہاں ہیں اور کارکنان کے مسائل کے حل کے لیے کچھ کیوں نہیں کر رہے۔

رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک نے کارکن سے کہا کہ یہاں سب غیرت مند بیٹھے ہیں، لیکن فضل امین نے ان پر بھی کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی لیڈر بننے کے بعد شاہد خٹک غلط باتوں کو نظر انداز نہ کریں۔

کارکن نے مزید کہا کہ موجودہ قیادت صرف تصویریں اور ٹک ٹاک بنانے کے لیے دھرنے میں آتی ہے، جبکہ کارکن مسلسل مشکلات اور ذلت برداشت کرتے رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ہم ملک کے مفاد میں آگے بڑھنے کو تیار ہیں، حکومت بھی لچک دکھائے، جنید اکبر

ان کا کہنا تھا کہ قیادت کے لئے کارکن کی قربانیاں اہمیت نہیں رکھتیں اور دھرنے کا مقصد محض تفریح یا مزے کرنا بن چکا ہے۔

دھرنے میں موجود دیگر کارکنان نے فضل امین کو دھرنے کے باہر لے جا کر صورتحال کو قابو میں کیا۔

ذرائع کے مطابق کارکن کی یہ تنقید پی ٹی آئی کے اندر موجود عدم اطمینان اور قیادت کے ساتھ اختلافات کی عکاسی کرتی ہے۔

Scroll to Top