امریکا اوروینزویلا کشیدگی میں اضافہ، ٹرمپ کا زمینی کارروائی کا عندیہ

واشنگٹن: امریکا اور وینزویلا کے درمیان تناؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منشیات اسمگلنگ کے الزام میں وینزویلا کے خلاف زمینی کارروائی کا اشارہ دے دیا ہے، جس کے بعد خطے میں بے یقینی کی فضا مزید گہری ہوگئی ہے۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائیوں میں مصروف ہیں اور یہ معاملہ اب جلد زمینی کارروائی تک پہنچ سکتا ہے۔

ان کے مطابق وینزویلا کے راستے امریکا میں داخل ہونے والی منشیات ملکی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے، اس لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔

دوسری جانب وینزویلا نے امریکا کی پالیسیوں کو غیر قانونی دباؤ اور داخلی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے شدید ردِعمل ظاہر کیا ہے۔

اس کشیدگی کا پس منظر اس وقت مزید سنگین ہوگیا جب امریکا نے ایک روز قبل وینزویلا کے قریب سے پکڑے گئے تیل بردار جہاز پر قبضہ کرلیا۔

امریکی اٹارنی جنرل کے مطابق جہاز کا تعلق ایسے غیر قانونی شپنگ نیٹ ورک سے تھا جو مبینہ طور پر دہشت گرد تنظیموں کی مدد کرتا ہے، اور اسے ایران اور وینزویلا کے درمیان تیل کی غیرقانونی ترسیل کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : انڈونیشین صدر کا چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سیلوٹ، ویڈیو وائرل

پیر کو امریکا نے کارروائی مزید سخت کرتے ہوئے 6 وینزویلا کے بحری جہازوں اور صدر نکولس مادورو کے خاندان کے 3 افراد پر پابندیاںبھی عائد کر دیں۔

واشنگٹن کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات غیر قانونی تجارت کو روکنے اور امریکی عوام کی حفاظت کے لیے ضروری ہیں۔

وینزویلا کے لیے یہ صورتحال پہلے ہی پیچیدہ تھی، اور اب ٹرمپ کے زمینی کارروائی کے اشارے نے خطے میں نئی کشیدگی کے امکانات بڑھا دیے ہیں۔

Scroll to Top