بھارت کی وزارتِ دفاع میں بڑے کرپشن سکینڈل کا انکشاف ہوا ہے جس کے تحت سی بی آئی نے ڈیفنس پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ کے لیفٹیننٹ کرنل دیپک کمار شرما کو رشوت کے مقدمے میں گرفتار کر لیا۔
سی بی آئی کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل دیپک کمار شرما وزارتِ دفاع کے انٹرنیشنل کوآپریشن اور ایکسپورٹس شعبے میں ڈپٹی پلاننگ آفیسر کے طور پر تعینات تھے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ وہ دفاعی سازوسامان بنانے اور برآمد کرنے والی نجی کمپنیوں سے ناجائز فائدہ حاصل کرنے میں ملوث تھے۔
ملزم مختلف نجی کمپنیوں کو غیر قانونی فوائد دینے کے بدلے رشوت وصول کرتا رہا۔ اس سلسلے میں ایک نجی شخص، ونود کمار، کو بھی گرفتار کیا گیا، جس نے مبینہ طور پر 18 دسمبر کو تین لاکھ روپے کی رشوت لیفٹیننٹ کرنل دیپک کمار شرما کو دی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیردفاع خواجہ آصف نےنام نہاد بھارتی لبرلز کا منافقانہ چہرہ بے نقاب کر دیا
سی بی آئی نے دہلی، سری گنگا نگر، بنگلورو اور جموں سمیت مختلف مقامات پر چھاپے مارے، جہاں سے رشوت کی رقم، بھاری نقد رقم اور دیگر اہم شواہد برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔





