محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا نیا کارنامہ،چوکیدار سب انجینئر کی پوسٹ پر تعینات

خیبرپختونخوا میں انتظامی امور کی صورتحال پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

سینئر تجزیہ کار حماد حسن نے انکشاف کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں ایک غیر معمولی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

حماد حسن کے مطابق محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں جاری ایک حکم نامے کے تحت ایک ملازم، جو بطور آپریٹر اور چوکیدار خدمات انجام دے رہا تھا، کو سب انجینئر کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

مذکورہ ملازم کا نام انور سادات بتایا گیا ہے۔ اس حوالے سے چیف انجینئر کی جانب سے باقاعدہ آرڈر جاری کیا گیا، جس کا آرڈر نمبر 02/CE-4/PHE ہے۔

تجزیہ کار حماد حسن کا کہنا ہے کہ سب انجینئر ایک تکنیکی عہدہ ہوتا ہے جس کے لیے باقاعدہ تعلیم اور تربیت ضروری ہوتی ہے تاہم ایک چوکیدار کو یہ ذمہ داری دینا انتظامی نظام پر سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔

ان کے مطابق یہ حکم چیف انجینئر نے ای سی کی سفارش پر جاری کیا، جو صورتحال کو مزید تشویشناک بنا دیتا ہے۔

حماد حسن نے کہا کہ اگر صوبے میں انتظامی فیصلے اسی طرز پر ہوتے رہے تو حالات کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔

انہوں نے اس صورتحال کا ذمہ دار جزوی طور پر عوام کو بھی قرار دیا اور کہا کہ عوام کارکردگی کو نظرانداز کر کے جذباتی فیصلے کرتے ہیں، جبکہ یہ نہیں سوچا جاتا کہ ایسے فیصلوں کے نتائج کیا ہوں گے۔

Scroll to Top