فلوریڈا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں اور دونوں ممالک جنگ ختم کرنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں کوئی حتمی ڈیڈلائن مقرر نہیں کی گئی، تاہم یہ یوکرین کے لیے بڑے معاشی فوائد کا باعث بنے گا۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ اور یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کی ملاقات میں روس-یوکرین امن معاہدے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات سے قبل صدر ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلی فون پر 75 منٹ طویل گفتگو کی، جس میں انہیں یقین ہوا کہ پیوٹن جنگ ختم کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ملاقات کے بعد وہ دوبارہ پیوٹن سے رابطہ کریں گے تاکہ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نیول اکیڈمی: 124ویں مڈشپ اور 32ویں کمیشن کورس کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی سربراہان سے بھی رابطے کے امکانات کا ذکر کیا اور کہا کہ مذاکرات کے نتیجے میں یوکرین کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔
قبل ازیں اکتوبر میں بھی امریکی صدر نے یوکرینی صدر سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد انہوں نے اعلان کیا تھا کہ امن معاہدے کی کوئی حتمی ڈیڈلائن نہیں ہے، لیکن یہ معاہدہ یوکرین کے لیے مثبت معاشی نتائج لے کر آئے گا۔
ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن مذاکرات بہت تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور روس و یوکرین دونوں اس معاہدے کے لیے سنجیدہ ہیں۔





