لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈائریکٹر کو ہٹانے کے معاملے پر بی او جی نے وزیراعلیٰ کے حکم کو ماننے سے صاف انکار کر دیا

لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے واضح احکامات کے باوجود ہسپتال ڈائریکٹر کی فوری برطرفی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے واضح احکامات پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ وزیراعلی سہیل آفریدی نے حالیہ اچانک دورے کے دوران ناقص کارکردگی پر ہسپتال ڈائریکٹر کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کی تھی تاہم ہسپتال انتظامیہ نے اس پر کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا کی ہدایت کے بعد ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے انکوائری تو شروع کی گئی لیکن وہ بے سود ثابت ہوئی اور ڈائریکٹر کے خلاف کوئی فیصلہ سامنے نہ آ سکا۔انتظامیہ کے مطابق بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر ابرار کو فوری ہٹانے کے بجائے یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر خود ہی عہدہ چھوڑ دیں گے۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے مطابق ڈاکٹر ابرار کی مدت 31 دسمبر کو مکمل ہو رہی ہے۔ہسپتال ترجمان محمد عاصم کے مطابق نئے ڈائریکٹر کی تعیناتی کے لیے اشتہار جاری کر دیا گیا ہے تاہم وزیراعلی کی فوری برطرفی کی ہدایت پر عمل نہ ہونے سے ہسپتال انتظامیہ کے طرز عمل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

Scroll to Top