پلوامہ حملہ بی جے پی کی سازش تھا، پاکستان پر جھوٹے الزامات لگائے گئے، بھارتی سیاستدان

نئی دہلی: بھارتی سیاستدان اور سماج وادی پارٹی کے رہنما سنتان پانڈے نے مودی حکومت کے بیانیے پر سوال اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ 2019 میں ہونے والا پلوامہ حملہ دراصل بی جے پی کی جانب سے رچایا گیا ایک ڈرامہ تھا، جسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنتان پانڈے نے کہا کہ پلوامہ حملہ کسی غیر ملکی کارروائی کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ یہ بی جے پی کی سازش کا حصہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سچ چھپانے کے لیے اس واقعے کو استعمال کیا اور بغیر کسی ٹھوس تحقیق کے الزامات عائد کیے گئے۔

سماج وادی پارٹی کے رہنما نے سوال اٹھایا کہ آج تک یہ واضح نہیں کیا جا سکا کہ پلوامہ حملے میں استعمال ہونے والا آر ڈی ایکس کہاں سے آیا۔

ان کے مطابق بغیر شواہد اور تحقیقات کے پاکستان پر الزام لگانا مودی حکومت کی پرانی روش بن چکی ہے۔

سنتان پانڈے نے مزید کہا کہ بھارت میں ماضی میں بھی بمبئی حملے، پلوامہ واقعہ، سمجھوتہ ایکسپریس اور پہلگام جیسے واقعات کو فالس فلیگ آپریشنز کے طور پر استعمال کیا گیا۔

ان کا دعویٰ تھا کہ ایسے واقعات مودی حکومت کے مذموم سیاسی مقاصد حاصل کرنے کا ایک پرانا طریقہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے نہ صرف عوامی جذبات کو بھڑکایا جاتا ہے بلکہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے ہمسایہ ممالک کو بھی نشانہ بنایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انتظامیہ نے موٹرویز کی بندش کی وجہ اور تفصیلات بتا دی

یاد رہے کہ مودی حکومت نے 2019 میں ہونے والے پلوامہ حملے اور بعد ازاں 2025 میں پیش آنے والے پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا۔ تاہم پاکستان کی جانب سے ان الزامات کی ہر بین الاقوامی فورم پر سختی سے تردید کی گئی۔

پاکستانی مؤقف کے مطابق بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں، جبکہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اگر بھارتی حکومت کوئی قابلِ اعتماد شواہد فراہم کرے تو پاکستان ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

اس کے باوجود بھارت کی ہندو انتہا پسند حکومت اب تک ان حملوں سے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔

Scroll to Top