بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا باضابطہ اعلان کر دیا

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھارت میں شیڈول آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے میچز کے لیے قومی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم نہ بھیجنے کا فیصلہ بھارت کی انتہاپسندانہ اور فرقہ ورانہ پالیسیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

بی سی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ایک ہنگامی اجلاس آج دوپہر منعقد ہوا جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے متعلق حالیہ پیش رفت پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا اور بھارت میں شیڈول میچز میں بنگلہ دیش قومی ٹیم کی شرکت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ بنگلہ دیشی حکومت کی مشاورت سے کیا گیا ہے، اجلاس میں بھارت میں بنگلہ دیشی کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اور دیگر متعلقہ افراد کی سلامتی اور سیکیورٹی سے متعلق خدشات پر تفصیل سے غور کیا گیا۔

موجودہ حالات اور سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر، بورڈ آف ڈائریکٹرز نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ بنگلہ دیش قومی ٹیم موجودہ حالات میں بھارت کا سفر نہیں کرے گی۔

فیصلے کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کے منتظم ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے کہ بنگلہ دیش کے تمام میچز بھارت سے باہر کسی محفوظ مقام پر منتقل کرنے پر غور کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا متعصبانہ رویہ، پاکستان کے بعد بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کا بھی بھارت جانے سے انکار

بی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز، بورڈ ممبران اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے.

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے امید ظاہر کی ہے کہ آئی سی سی صورتحال کی سنگینی کو سمجھے گی اور اس معاملے پر فوری اور مثبت ردعمل دے گی۔

Scroll to Top