ملک کے بالائی علاقے بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں برفباری کے باعث پہاڑ سفید ہو گئے اور جھیلیں جم گئیں۔ اس موسم نے آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات پر رونقیں بڑھا دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد خشک سردی اور دھند کی لپیٹ میں ہے، اور شہر کا مطلع دن بھر ابر آلود رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر اقتدار میں آئندہ بارش کا امکان نہیں، جبکہ لاہور میں بھی سردی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ لاہور میں دھند کی شدت میں کمی واقع ہوئی اور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ملکہ کوہسار مری میں برفباری کے بعد دھوپ نکلنے سے مناظر اور بھی دلکش ہوگئے۔ خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحوں نے تفریحی مقامات کا رخ کیا اور قدرت کے حسین مناظر سے محظوظ ہوئے۔
ہزارہ ڈویژن کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ چھٹی کے روز نتھیا گلی میں سیاحوں نے سنو فال سے بھرپور لطف اٹھایا، جبکہ مالم جبہ میں بھی موسم سرد اور دلکش ہوگیا۔ وادی شگر میں سال کی پہلی برفباری کے بعد موسم سرما کا آغاز ہو گیا، ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ کم ہوگیا، تاہم برفباری نے سیاحوں کے چہروں پر خوشی کے اظہار کو بڑھا دیا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی اور وسطی اضلاع میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس سے معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب، زیریں خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے متعدد اضلاع میں دھند چھائی رہی، جس سے حد نگاہ میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ میں پارہ منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے میں ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور بالائی علاقوں میں ہلکی بارش یا برفباری کا امکان موجود ہے۔





