اہم عدالتی موڑ!یاسمین راشد کی نواز شریف کے خلاف درخواست پر بڑا فیصلہ آ گیا

اہم عدالتی موڑ!یاسمین راشد کی نواز شریف کے خلاف درخواست پر بڑا فیصلہ آ گیا

رہنما پی ٹی آئی یاسمین راشد کی نواز شریف کے خلاف الیکشن پٹیشن مسترد، الیکشن ٹربیونل کا تفصیلی فیصلہ جاری

تفصیلات کے مطابق لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی کامیابی کے خلاف دائر کی گئی ڈاکٹر یاسمین راشد کی الیکشن پٹیشن الیکشن ٹربیونل نے مسترد کر دی، جس کا تفصیلی تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

الیکشن ٹربیونل کی جانب سے جاری کردہ فیصلے کے مطابق نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن 14 فروری کو جاری کیا گیا تھا، تاہم ٹربیونل کے قیام کے باوجود مقررہ قانونی مدت کے اندر الیکشن پٹیشن دائر نہیں کی گئی۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کی جانب سے پٹیشن تاخیر سے دائر کرنے کا کوئی قابلِ قبول اور قانونی جواز پیش نہیں کیا جا سکا۔

تفصیلی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے دائر کی گئی الیکشن پٹیشن پر درخواست گزار کے دستخط بھی موجود نہیں تھے، جو کہ ایک بنیادی قانونی تقاضا ہے۔ ٹربیونل کے مطابق درخواست قانونی تقاضے پورے کیے بغیر دائر کی گئی، جس کے باعث اسے قابلِ سماعت قرار نہیں دیا جا سکتا۔

الیکشن ٹربیونل نے واضح کیا کہ انتخابی قوانین کے تحت مقررہ وقت اور طریقہ کار کی پابندی لازم ہوتی ہے، اور ان تقاضوں کو نظر انداز کر کے دائر کی گئی درخواستوں پر کارروائی ممکن نہیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کی این اے 130 سے کامیابی کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قانون کے منافی طور پر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ تاہم ٹربیونل نے تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد درخواست مسترد کر دی۔

عدالتی فیصلے کے بعد این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی برقرار رہے گی، جبکہ اس فیصلے کو سیاسی حلقوں میں ایک اہم قانونی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top