ڈرائیور ہوشیار، موٹرویز سے متعلق نئی صورتحال سامنے آ گئی

اسلام آباد: پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ملک کی اہم موٹرویز پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو گئی ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم-1 پشاور سے غازی حضرو انٹرچینج تک، ایم-2 ٹھوکر نیاز بیگ سے بالکسر انٹرچینج تک، ایم-3 فیض پور سے درخانہ، ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے شیر شاہ، ایم-5 روہڑی سے ملتان اور ایم-14 کھڑپہ سے عیسیٰ خیل تک دھند کے باعث بند کر دی گئی ہیں۔

سینٹرل ریجن موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد شہریوں کو ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھنا ہے، کیونکہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔

ترجمان کے مطابق موٹروے ایم-3 جڑانوالہ سے درخانہ، موٹروے ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور گوجرہ سے عبدالحکیم، جبکہ موٹروے ایم-5 ملتان سے ظاہر پیر اور ملتان سے سکھر تک بند کر دی گئی ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور دن کے روشن اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔ ترجمان کے مطابق دھند میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ سمجھا جاتا ہے۔

ڈرائیور حضرات کو فوگ لائٹس کے استعمال، لین ڈسپلن پر سختی سے عمل، تیز رفتاری سے گریز اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

کسی بھی قسم کی رہنمائی یا مدد کے لیے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بڑی سیاسی جماعت ،مگر اپوزیشن لیڈر کسی اور جماعت کا؟ شیر افضل مروت نے سوال اٹھا دیے

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی دھند کا راج برقرار ہے، جس کے باعث پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان کے میدانی علاقوں میں حدِ نگاہ شدید متاثر ہوئی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنی اور دوسروں کی سلامتی کو یقینی بنائیں۔

Scroll to Top