وینزویلا سے بچ کر آئے روسی جہاز کے عملے کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، وائٹ ہاؤس

واشنگٹن : وائٹ ہاؤس نے وینزویلا کی ناکہ بندی سے بچ کر نکلنے والے روسی آئل ٹینکر پر قبضے کے بعد ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ جہاز کے عملے کو اب قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ امریکا تمام پابندیوں پر مکمل عملدرآمد کرائے گا اور کسی بھی خلاف ورزی کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گرین لینڈ سے متعلق تمام آپشنز زیر غور ہیں، تاہم سفارت کاری ہمیشہ اولین ترجیح ہوگی۔

کیرولین لیوٹ نے مزید بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ وینزویلا کے عبوری حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور امریکی موقف کے مطابق وینزویلا کے فیصلے کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ امریکا وینزویلا اور امریکی تیل کی صنعت کے درمیان معاہدات پر بھی کام کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ڈرائیور ہوشیار، موٹرویز سے متعلق نئی صورتحال سامنے آ گئی

ترجمان نے کہا کہ رواں ہفتے تیل کمپنیوں کے سربراہان وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے، اور ضرورت پڑنے پر امریکی فوج آئل ورکرز کے تحفظ کے لیے بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔

تاہم وینزویلا میں انتخابی شیڈول پر بات کرنے کو قبل از وقت قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ امریکی بحریہ اور کوسٹ گارڈز طویل عرصے سے اس روسی جہاز کا تعاقب کر رہے تھے اور پہلے بھی اس پر قبضے کی کوشش کی جا چکی ہے۔

Scroll to Top