اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک میں سیاسی انتشار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ملک میں انتشار ہوگا تو ترقی رک جائے گی اور سب کو مل کر سیاسی استحکام کے لیے بیٹھنا ہوگا۔
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے زیر اہتمام قومی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کی حالت اس وقت قابل قبول نہیں، ملک چلانے کے لیے واضح راستہ تلاش کرنا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حل تب نکلے گا جب تمام متعلقہ ادارے اور سیاسی جماعتیں ایک میز پر بیٹھیں گی۔
سابق وزیراعظم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ صرف بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں بلکہ ملک کی رہائی کا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حالات اتنے خراب ہیں کہ لوگ خود ہی ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاستدان، عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ سمیت سب کو ملک کے مسائل حل کرنے کے لیے مل بیٹھنا ہوگا، کیونکہ موجودہ صورت حال میں ملک پر اشرافیہ کا قبضہ ہے اور اسی طرح ملک نہیں چل سکتا۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی میں اختلافات بھڑک اٹھے، اراکین نے سلمان اکرم راجہ کو آڑے ہاتھوں لیا
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے معاملات درست ہونے پر معیشت کو فروغ ملے گا اور بانی پی ٹی آئی کو بھی انصاف ملے گا۔
انہوں نے سب فریقین پر زور دیا کہ بیٹھ کر موجودہ خرابیوں کو درست کیا جائے اور ملک کو آگے بڑھایا جائے۔





