خیبرپختونخوا میں آپریشنز پر سیاست، طارق فضل چوھدری نے حقائق بے نقاب کر دیے

اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں پر سیاست کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام دراصل دہشت گردوں کے بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے سب سے زیادہ جانیں دی ہیں، سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور سب سے زیادہ تباہی دیکھی، مگر افسوس کے ساتھ آج اسی صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف اقدامات پر سیاسی اختلافات سامنے آ رہے ہیں۔

طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آپریشنز کی مخالفت نے یہ سوال کھڑا کر دیا ہے کہ آیا اقتدار کی سیاست قومی سلامتی سے زیادہ اہم ہو چکی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں میں پاکستان کی افواج، پولیس، فرنٹیئر کور اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ہزاروں جوانوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ قربانیاں کسی سیاسی بیانیے کے لیے نہیں بلکہ ملک کے محفوظ مستقبل کے لیے دی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں : حل صرف ڈائیلاگ میں ہے، سب کو بیٹھ کر بات کرنی ہوگی، شاہد خاقان عباسی

انہوں نے مزید کہا کہ مائیں اپنے بیٹوں سے محروم ہوئیں، بچے یتیم ہوئے اور خاندان اجڑ گئے، اور ان قربانیوں کی قدر کرتے ہوئے ہر شہری اور سیاسی جماعت کو ریاستی اقدامات کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

طارق فضل چوہدری نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی کنفیوژن نہیں ہونا چاہیے اور قومی یکجہتی ہی اصل ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست اپنی جگہ لیکن ریاست، سلامتی اور شہدا کی قربانیاں ہر چیز سے بالاتر ہونی چاہییں۔

Scroll to Top