پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے نو مئی کے تین مختلف مقدمات میں سنائی گئی سزاؤں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کر دی ہیں۔
اپیلیں ان کے وکیل رانا مدثر عمر کے ذریعے دائر کی گئی ہیں، جن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کا مکمل اور درست جائزہ لیے بغیرتینوں مقدمات میں سزائیں سنائی ہیں۔ اپیل میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نو مئی کے تینوں مقدمات میں دی گئی سزائیں کالعدم قرار دی جائیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے جلد بازی میں کارروائی مکمل کی اور سزائیں سنائی جو انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہیں۔
اپیل میں مزید درخواست کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ اپیلوں کے حتمی فیصلے تک تینوں مقدمات میں ان کی سزاؤں کو معطل کرے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے یہ اپیلیں تھانہ گلبرگ، نصیر آباد اور ریس کورس میں درج نو مئی کے مقدمات کے حوالے سے دائر کی ہیں۔





